نیوزی لینڈ کی کرائسٹ چرچ مساجد میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو بغیر پے رول پرعمر قید کی سزا سنا دی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی، عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو بغیر پے رول کے عمر بھر قید میں گزارنا پڑے گی۔
فیصلے سے قبل عدالت کے باہر کرائسٹ چرچ حملے کے متاثرین کی بڑی تعداد جمع تھی اس دوران رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔
عدالت نے آسٹریلوی دہشت گرد کو دفاع میں بولنے کا موقع دیا لیکن مجرم نے کچھ کہنے سے انکار کردیا۔
دوسری جانب کیوی وزیراعظم جسنڈاآرڈن نے عدالتی فیصلے پر کہا کہ مساجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد عمر قید کا ہی مستحق تھا۔
واضح رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ 15 مارچ 2019 کو پیش آیا تھا جس میں دہشت گرد نے کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 51 نمازی شہید اور 40 زخمی ہوئے تھے۔

