کوٹری(پ ر)ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فریدالدین مصطفی نے ضلع کونسل جامشورو کا ایڈمنسٹریٹر کا چارج سنبھال لیا۔کونسل آفس کا دورہ۔ ملازمین سے تفصیلات معلوم کیں۔عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے میں بھر پور کردار ادا کروں گا۔گھوسٹ ملازمین کی کوئی گنجائش نہیں۔ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جامشورو کپٹن(ر)فریدالدین مصطفی نے سندھ حکومت کے حکم پر ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل جامشورو کا چارج سنبھال لیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے افسران اور اسٹاف کے ہمراہ کونسل آفس کا دورہ کیا اور آفس کے انتظامی معاملات کا تقابلی جائزہ لیا۔اس موقع پر کونسل آفیسر اور اکاؤنڈنٹنٹ نے کونسل سے متعلق بریفنگ دی۔ڈی سی جامشورو نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چارج لینے کے بعد ذمے داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے عوام کی خدمت میں وہ اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کونسل کے ملازمین اپنے فرائص ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں کام چور اور گھوسٹ ملازمین کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کونسل آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ تمام ملازمین کی حاضری یقینی بنائیں گے اور وہ خود ملازمین کی حاضری چیک کریں گے۔انہوں نے افسران کو متنبہ کیا کہ ترقیاتی کاموں میں سست روی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے عناصر کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوامی مفاد کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلیے ترجیح بنیادوں پر کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔
