English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

موریا کیمپ کے متاثرین کا مسئلہ حل کیا جائے ، اقوام متحدہ

القمر

 

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے جرمنی اور دیگر یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونانی مہاجر کیمپ موریا میں آگ لگنے کے سبب متاثر ہونے والے مہاجرین کے مسئلے کو فی الفور حل کریں۔ جرمنی میں ادارے کے نمایندے فرانک ریموس کا کہنا ہے کہ جزیرہ لیسبوس پر اس وقت انسانی بنیادوں پر ہنگامی صورت حال ہے، جس کے لیے یونان اور یورپی ممالک کی طرف سے فوری اقدام کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب جرمنی نے یونان میں پھنسے مزید 1500 مہاجرین کو جرمنی لانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے علاوہ چانسلر انجیلا مرکل تقریباً 150 مہاجر بچوں کو بھی ملک میں لانا اور انہیں تعلیم کی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ جرمنی کی طرف سے 1500 مہاجرین کو سیاسی پناہ دینے کا فیصلہ انسانی ہمدردری اور یورپی یونین کی رکن ریاست یونان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یونانی جزیرے لیسبوس کے موریا کیمپ میں آگ لگنے کے بعد وہاں موجود 12 ہزار سے زائد مہاجرین بے گھر ہو چکے ہیں اور انہیں کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی ابھی تک مناسب خوراک اور صفائی کی سہولیات تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے