اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹساسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے 5برس سے لاپتا شہری عمران خان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر تفتیشی افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ عدالت پیش
ہوئے۔چیف جسٹس نے کہاکہ سیکورٹی ادارے کہتے ہیں معلومات نہیں اور کمیشن جبری گمشدگی کا کیس کہہ رہا ہے۔ عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 5 برس سے ایک شخص لاپتا ہے آپ کو کچھ پتا ہی نہیں ۔ درخواست گزار وکیل انعام الرحیم نے کہاکہ عمران بیرون ملک نوکری کر رہے تھے یہاں شادی میں شرکت کرنے آئے تو لاپتا ہو گئے ۔سرکاری وکیل نے کہاکہ جہادی تنظیموں اور افغانستان میں بھی لاپتا عمران خان کے وزٹ موجود ہیں ۔درخواست گزار وکیل نے کہاکہ اگر لاپتا افراد کمیشن کی رپورٹ منگوا لی جائے تو صورت حال واضح ہو جائے گی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہری کی بازیابی کی ہدایت کی۔عدالت نے تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔
لاپتا عمران کی بازیابی کا معاملہ :تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب
القمر
