اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ معاشرے میں ناجائز طریقے سے پیسہ بنانے والوں کی عزت دی گئی۔ ان کے بقول ماضی میں منشیات اور کرپشن کی رقم سے کئی لوگ انتخابات بھی جیتے اور انہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر توجہ نہیں دی گئی، افغان جہاد کے وقت پہلی بار پاکستان میں منشیات کا سنا، افغانستان سے پاکستان میں منشیات آتی اور آگے جاتی تھی، 80 کی دہائی میں جس نے منشیات سے پیسہ بنایا اس کو غلط سمجھا ہی نہیں گیا جب کہ کرپشن اور منشیات پورے معاشرے کے لیے ناسور ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 70 لاکھ افراد منشیات کے عادی بن چکے، گھر میں ایک بھی منشیات کا عادی ہو وہ گھر تباہ کردیتا ہے، افسوسناک خبر یہ ہے کہ ڈرگ آئس تعلیمی اداروں میں پھیل رہی ہے، اور یہ دائرہ جامعات تک پھیل چکا ہے، منشیات نظم وضبط کو متاثر کرتی ہے کردار بدل دیتی ہے، صرف پولیس سے جرائم کی جدو جہد نہیں کی جا سکتی، چاہتا ہوں ڈرگ اور کرپشن کے خلاف معاشرہ مل کر لڑے، ہمیں نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانا ہے، منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کا جلسہ نہیں روکیں گے، اپوزیشن تصادم چاہتی ہے مگر انہیں موقع فراہم نہیں کریں گے، مینار پاکستان پر10 جلسے بھی کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عمران خان کے مطابق اپوزیشن عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے ، احتساب پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کروں گا چاہے حکومت بھی چلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کے لیے خدمات فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ان کا کہنا تھا قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے، سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور ان کی چوری بچ جائے، کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔اجلاس کے دوران پنجاب حکومت کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کی فٹبال کک اور جوڈو کا بھی تذکرہ ہوا۔ عمران خان نے کہا فردوس عاشق اعوان پنجاب جا کر بہت متحرک ہو گئی ہیں، تحریک انصاف کو اسی جنون کی ضرورت ہے۔

