اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک کے بڑے صنعتی شہروں کو بڑی مراعات دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے بعد سیالکوٹ کے لیے بھی تاریخی پیکج دینے کی منظوری دے دی گئی، وزیراعظم سیالکوٹ کے لیے اربوں روپے کے 5 میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے، عمران خان (کل) بدھ کو عثمان ڈار کی دعوت پر سیالکوٹ کا اہم ترین دورہ بھی کریں گے، اس موقع پر وزیراعظم نئی ائیرلائن ائیر سیال کی افتتاحی تقریب میں تقریب میں شرکت کریں گے اور نجی ائیرلائن کا افتتاح بھی کریں گے۔
وزیراعظم سیالکوٹ کے لاکھوں شہریوں کے لیے واٹر فلٹریشن منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے، وزیراعظم روڈز اینڈ سگنل ری انجینئرنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سیالکوٹ میں 5 بڑے گرین پارکس بھی وزیراعظم ترقیاتی پیکج میں شامل ہیں، جبکہ سیالکوٹ میں اسٹوریج سسٹم کی ری انجینئرنگ کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے منصوبے سیالکوٹ کی تقدیر بدل دیں گے، ترقیاتی پیکج کی منصوبہ بندی ویژن 2050 پلان کے پیش نظر کی گئی، سیالکوٹ سے ڈھائی ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی جاتی ہے، سیالکوٹ10 ارب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے۔

