واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی سینیٹ نے 740 ارب ڈالر س زائد مالیت کے فوجی بجٹ کی منظوری دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق دفاعی بل میں چین اور روس کے خلاف نئی حکمت عملی کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔ افغانستان، جرمنی اورجنوبی کوریا میں فوج کی تعداد کم کرنے کا منصوبہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ ساتھ امریکی ایوانِ نمایندگان نے روس سے فضائی دفاعی نظام ایس 400 خریدنے پر ترکی پر معاشی پابندیوں کی منظوری بھی دے دی۔ امریکی کانگریس نے محکمہ دفاع کا بجٹ بل منظور کیا، جس میں ترکی پر معاشی پابندیوں سے متعلق بھی ایک شق شامل ہے۔ امریکی سینیٹ کے دو تہائی سے زیادہ ارکان بھی 740 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ ایکٹ کی منظوری دی، جس میں ترکی اور روس دونوں پر معاشی پابندیوں کی شق شامل ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا گزشتہ سال سے روسی ایس 400 فضائی دفاعی نظام کی خریداری پر ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی ناراضی سے بچنے کے لیے پابندیوں سے گریز کیا۔ معاشی پابندیوں میں ترکی کی دفاعی صنعت اور انتظامیہ کو نشانہ بنایا جائے گا۔ دوسری جانب ترک حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ روسی دفاعی نظام کی خریداری پر امریکی پابندیوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔ ترک حکام نے امریکی پابندیوں کو غیر تعمیری سوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ البتہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
