واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامی ری پبلکن اتحادی آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی الیکٹورل کالج کی جانب سے توثیق ملنے کے بعد جوبائیڈن میں ولمنگٹن میں خطاب کے دوران انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ٹرمپ کے الزامات اور نتائج مسترد کرانے کے لیے مختلف ریاستوں میں مقدمات دائر کرنے پر شدید تنقید کی۔ نو منتخب صدر نے کہا کہ یہ ایک ایسی صورت حال ہے جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی کہ لوگوں کی خواہش کا احترام کرنے سے انکار کیا گیا ہو۔ قانون کی حکمرانی کا احترام کرنے سے انکار کیا گیا ہو اور ہمارے آئین کا احترام کرنے سے انکار کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ریپبلکن اتحادی الیکشن نتائج کو قبول نہ کرتے ہوئے لوگوں کی رائے کا احترام نہ کر کے، آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکٹورل کالج نے بھی جوبائیڈن کو صدر منتخب کرلیا ہے۔ انہیں کامیابی کے لیے درکار 270 سے زائد یعنی 306 ووٹ ملے، جب کہ ٹرمپ صرف 232 ووٹ لے سکے۔ ریاست کیلیفورنیا سے 55 ووٹ ملنے کے ساتھ ہی انہوں نے یہ سنگ میل پار کیا۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کر دی ہے۔ پیوٹن نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ امریکا اور روس اپنے اختلافات کے باوجود مل کر دنیا کو درپیش چیلنجوں کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔ امریکی انتخابات کے بعد روسی صدر نے کہا تھا کہ وہ جو بائیڈن کی جیت کی تصدیق کا انتظار کریں گے۔
ٹرمپ آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، بائیڈن
القمر
