کراچی: بیشتر علاقوں میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، شہریوں کا صبر کاپیمانہ لبریز ہوگیا، عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گھروں میں گیس نہ آنے کے سبب بلدیہ ٹاؤن میں حب ریورروڈ احتجاجا بندکردی گئی،رامسوامی میں بھی خواتین سلنڈر اٹھاکر گھروں سے باہر نکل آئیں،گیس نہ آنے کے سبب گھروں میں کھانا پکانا دشوار ہوگیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بعد حکمرانوں نے گیس کی لوڈ شیڈنگ کرکے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا ہے، گیس نہ آنے کی وجہ سے زندگی اجیرن ہوگئی ہے، جدید دور میں بھی اگر لکڑیوں پر ہی کھانا بنانا ہے تو گیس کے محکمے کو بند کردیاجائے۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ گیس کا بل بھی ہزاروں روپے بھرنے کے بعد گیس نہیں مل رہی، جو سراسر ظلم ہے، غریب آدمی گھر پر کھانا بنا کر دو وقت کی روٹی کھا سکتا ہے، لیکن ہوٹل سے روٹی خرید کر ایک وقت کا کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گیس فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور گھروں میں گیس دی جائے تاکہ سکون کے ساتھ کھانا بناسکیں۔

