English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہنگائی بڑھ گئی‘ تنخواہ کافی نہیں‘ وزیراعظم کا اعتراف

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اور ملازمین کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں۔بدھ کو اسلام آباد پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کچھ ہے صرف گورننس کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی قوم کو صبر کرنا پڑے گا، آگے حالات بہتر نظر آرہے ہیں، آمدنی بڑھتی جائے گی تو تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے، اسلام آباد پولیس کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ سیاستدان جن کو اللہ نے بہت موقع دیا اور وہ ملک کے سربراہ بن گئے، ان کے سامنے بھی دو راستے تھے اور وہ حلال کما سکتے تھے لیکن وہ اس راستے پر چل پڑے کہ آج عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، ان کے پاس اتنا پیسہ ہے کہ خود انہیں اس کا پتا نہیں لیکن کبھی اسپتالوں کے چکر لگارہے ہیں، کبھی ملک سے باہر جارہے ہیں، ان کے بچے بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں، باپ کی چوری بچانے کے لیے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، کیا فائدہ ایسے پیسے کا، یہ پیسہ تو اللہ کا عذاب ہے، بڑے محلات میں رہنے والے لوگوں پر کیا گزر رہی ہوتی ہے، جس عذاب میں مبتلا ہوتے ہیں وہ اللہ جانتا ہے۔عمران خان کے بقول مجھے جنوبی افریقا میں کرکٹ کھیلنے کی بہت پیشکشیں آتی تھیں، اگر وہاں کھیلتا تو پیسہ بہت ملتا لیکن عزت نہیں ملتی کیونکہ اس سے مجھے وہاں کی نسل پرست حکومت کی حمایت کرنی پڑتی۔ وزیرعظم کے بقول ہر انسان کے سامنے دو راستے انسانی عظمت اور شیطانیت کے ہوتے ہیں، نیکی کے راستے پر چلنا آسان نہیں لیکن اسی میں کامیابی ہے، نیکی کا راستہ مشکل اور گناہ کا آسان ہوتا ہے لیکن گناہ کا تباہی کا راستہ ہوتا ہے، قرآن میں واضح لکھا ہے رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہجس کی مال اور جان کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی، فوج سرحدوں پر قوم کی جان و مال کی حفاظت کرتی ہے اور پولیس ملک میں عوام کا تحفظ کرتی ہے لیکن پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کی وہ مستحق ہے۔وزیرعظم نے مزیدکہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے حفیظ شیخ سے بات کروں گا، بادشاہ نہیں وزیراعظم ہوں اس لیے اپنے وزیرخزانہ سے پوچھنا پڑتا ہے، ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے، وزیراعظم ہاؤس اور آفس کے 60 سے 70 فیصد خرچے کم کیے ہیں، وفاقی حکومت نے بھی 40 ارب کے اخراجات کم کیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے