English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو گیس سے محروم نہیں کرسکتی‘ وزیراعلیٰ

کراچی(آن لائن) سندھ میں گیس کی قلت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محکمہ توانائی کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت ایک ’’ سندھ کیس‘‘ تیار کریں تاکہ اسے وفاقی حکومت کے پاس لے جایا جاسکے۔ اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری توانائی طارق شاہ نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کا آئین صوبوں کے عوام کو قدرتی گیس کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے جہاں سے گیس پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا آئین اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ کس طرح وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو صوبے سے پیدا ہونے والی گیس سے محروم کر سکتی ہے۔وزیر توانائی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایک ناقص پالیسی وضع کی ہے جس کے تحت سندھ کے عوام کی گیس دوسرے صوبوں کو دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے گھریلو ، صنعتی اور تجارتی صارفین کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہذا وفاقی حکومت کو پیچیدہ صورتحال سے آگاہ کرنا ہوگا۔ مراد علی شاہ نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی کہ وہ سندھ سے گیس کی کل پیداوار ، اسکی تقسیم کا فارمولا ، سندھ کی طلب اور خالص وصولی سمیت معاملے کا ایک مناسب تفصیلی کیس تیار کریں۔ اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ قومی یونٹس کو فراہم کی جانے والی گیس کا شمار صوبے کے حصے میں کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو صنعتی یونٹ فرٹلائزر یا بجلی پیدا کررہے ہیں وہ پورے ملک میں کام کر رہے ہیں لہذا ان کو الگ سے شمار کیا جانا چاہیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیس تیار ہونے کے بعد وہ اس معاملے کو وفاقی حکومت کے آگے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال نہ صرف صنعتی صارفین گیس کی شدید قلت سے پریشان ہیں بلکہ گھریلو صارفین کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ان کے پاس اپنے بچوں کیلیے کھانا تیار کرنے کی گیس تک نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے