کراچی/لاہور/پشاور/ (خبر ایجنسیاں) ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری نے سردی کی شدت بڑھا دی، پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث فضائی آپریشن معطل رہا جبکہ مختلف حادثات میں 2افراد ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما رنگ دکھانے لگا۔ لاہور، بالائی خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔لاہور سمیتپنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی، بادل برسنے سے جاڑے کی شدت بھی بڑھ گئی، چکوال، شیخوپورہ، شرقپور، ننکانہ صاحب، پنڈی بھٹیاں میں ابر رحمت برسا۔ پشاور اور نوشہرہ میں بھی بادل برسے، اورکزئی میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ وادی سون سکیسر میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ درجہ حرارت میں کمی سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ لاہور ائرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔محکمہ موسمیات نے لاہور ،بالائی خیبرپختونخوا اوراسلام آباد میں بارش کا سلسلہ کل بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔بلوچستان کی شمالی سمت سے چلنے والی ہوائوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جبکہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے باعث کراچی میں پیر کے روز پارہ مزید گرنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ سردی کی موجودہ لہر رواں ہفتے جمعے کے روز تک برقراررہ سکتی ہے اور اس کے دوران ہی دسمبر کے مہینے میں کم سے کم درجہ حرارت کا سابق چند سالہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔دوسری جانب لاہور کے نواحی علاقے فیروز والا اور ظفر وال میں ٹریفک حادثات میں نوجوان ہلاک اور 4افراد زخمی ہوگئے جبکہ فیصل آباد میں دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں کمسن بچی جاں بحق ہوگئی ۔

