اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی لڑائی عمران خان سے زیادہ نیب کے ساتھ ہے، لڑائی یہ ہے کہ تمام کیس ختم کردیں۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی ، لانگ مارچ کرنے والوں کو بتا نا چا ہتا ہوں کہ لونگ مارچ اور لانگ مارچ میں فرق ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے جن اراکین نے ٹائپ شدہ کمپیوٹرائزڈ استعفے بنائے ہیں وہ غیر قانونی ہیں، ان کی کوئی حیثیت نہیں، ہاتھ سے تحریر کرنا ہوتا ہے کہ میں مسمی ولد فلاں حلقہ نمبر سے بغیر کسی دباؤ کے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے جیلیں بھرنے کی بات کی جبکہ جیل کا زیادہ تر عرصہ انہوں نے اسپتالوں میں گزارا ہے وہ پاکستان کے واحد سیاستدان ہیں جنہیں معلوم ہے کہ جیل کی سختیوں سے بچنے کے لیے کیا کیا طریقے اپنائے جاتے ہیں۔

