اسلام آباد(نمائندہ جسارت )مسلم لیگ (ن) نے بجلی قیمتوں میںاضافہ اور بجلی کی مد میں ریلوے میں ڈھائی ارب سالانہ کے نقصان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی گیس کے بل بھتے اور تاوان کی طرح عوام سے وصول کیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللہ نے اپنے الگ الگ بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب ہر روز بجلی، گیس ،دوا، آٹا ،چینی کی قیمتیں بڑھا کر غریبوں کو لوٹ رہے ہیں ۔مہنگائی، بے روزگاری کی ماری عوام کو نالائق ،کرپٹ اور ظالم حکومت نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے سے ایک اور جھٹکا دیاہے، عمران صاحب مہنگائی اور لوٹ مارکی ایک اور قسط آنے والی تھی، اسیلیے اپوزیشن کو مذاکرات کی عرضیاں بھیج رہے ہیں، عمران صاحب بجلی، گیس، ایل این جی میں ڈکیتیوں کو چھپانے کے لیے این آراو کی بھیک مانگ رہے ہیں،عمران صاحب جن پر چور چور کے جھوٹے الزام لگاتے رہے، اب ان سے ہی مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں، ایل این جی کی مہنگی قیمت پر
خریداری سے اب ایک اورڈکیتی عوام کی جیب پر ڈالی جارہی ہے ۔عمران صاحب پہلے چوری کراتے ہیں، اسے چھپانے کے لیے کمیشن بناتے ہیں، پھر بھول جاتے ہیں ،عمران صاحب پہلے 400 ارب کی چینی چوری کراتے ہیں، پھر کمیشن بنادیتے ہیں ،عمران صاحب آٹے میں سوا 200 ارب چوری کراتے ہیں پھر کمیشن بناتے ہیں؟ قوم سے یہ فراڈ کتنی مرتبہ کریں گے؟دوسری جانب سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے بجلی کی مد میں ریلوے میں ڈھائی ارب سالانہ کے نقصان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے جس شیطان نے ریلوے کو تین سال میں 800 ارب کا ٹیکہ لگایا ہے اسے ترقی دے کر وزیرداخلہ بنادیا ہے ،کُتی چوروں سے ملی ہو تو قومی خزانے پر ایسے ہی ڈاکے مارے جاتے ہیں،ہر سال ڈھائی ارب کی بجلی چوری ہوتی رہی ، کسی کوکانوں کان خبر کیوں نہ ہوئی؟چپڑاسی نے ریلوے کو ڈبویا، مال بھی کمایا اور ترقی بھی حاصل کرلی ،چپڑاسی اور اس کے باس کی پانچوں گھی میں اور سرکڑاہی میں ہے ،ریلوے میں منظم ڈکیتی کرنے والے ڈاکو کو پہلے ترقی دی، اب کمیٹی کا ڈرامہ کیاجارہا ہے ،قومی خزانے کو ڈھائی ارب روپے سالانہ کا پہنچنے والے نقصان کی وصولی چپڑاسی اور اس کے سلیکٹڈ باس سے ہونی چاہیے۔بجلی گیس ، آٹا چینی، دوا، خوراک ہرچیز میں کرپٹ مافیا عوام کو ڈکیتوں کی طرح لوٹ رہا ہے ،بجلی گیس کے بل بھتے اور تاوان کی طرح عوام سے وصول کیے جارہے ہیں
