لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کیا اس پتھر دل شخص کو مسلط کرنے والوں کو کوئی ندامت ہے؟ چند جرنیلوں کی بخشش سے وزیر اعظم بننے والا کبھی عوام کا درد محسوس نہیں کر سکتا، مظلوم لوگ اس سنگدل کو پکار رہے، وہ بلیک میلر کہہ کرنمک پاشی کررہا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ چند جرنیلوں کی بخشش سے وزیراعظم بننے والا کبھی عوام کا درد محسوس نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں کی میتیں لیے بیٹھے مظلوم لوگ ایسے سنگدل انسان کی راہ دیکھ رہے ہیں جو انہیں ’’بلیک میلر‘‘ کہہ کر ان کے زخموں پر نمک پاشی کر رہا ہے۔ کیا اس پتھر دل شخص کو مسلط کرنے والوں کو بھی کوئی ندامت ہے؟ اس سے قبل ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ قائد مسلم لیگ محمد نوازشریف نے ہزارہ برادری کی حمایت میں احتجاج کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی قائد نے ملک بھر میں جماعت کی مقامی قیادت اور کارکنان کو احتجاج کی کال میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور کارکنان اپنے اپنے شہروں میں ہزارہ برادری کیلیے احتجاج میں شریک ہوں اور حمایت کریں۔ محمد نوازشریف، شہبازشریف اور پوری جماعت اس مشکل گھڑی اور ہزارہ برادری کے غم میں شریک ہیں۔ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ہزارہ برادری کے شہداء کے معاملے کو پی ڈی ایم میں بھی لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
