English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سینیٹ اجلاس: ملک گیر بلیک آؤٹ کی پارلیمانی تحقیقات اور وزیر توانائی سے استعفے کا مطالبہ

القمر

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) سینیٹ اجلاس میں ملک گیر بلیک آؤٹ کی پارلیمانی تحقیقات کرانے اور وزیرتوانائی عمرایوب سے استعفے کا مطالبہ کردیا گیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ میں بلیک آوٹ پر بیان دینا چاہیے تھا تاہم اس واقعہ پر کسی بڑے کا سر قلم نہیں کیا گیا بلکہ چھوٹے اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی نے ایوان میں بلیک آوٹ پر بیان دینا مناسب سمجھا اور نہ ہی بلیک آوٹ پر تحقیقات کا حکم دیا جبکہ نیپرا نے خود ایک انکوائری کا حکم دیا۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کو بھی انکوائری کرانے کی توفیق نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی ادارے بغیر سی ای او کے کام کر رہے ہیں پھر حکومت انرجی سیکٹر کی نجکاری کی بات کر رہی ہے۔ ن لیگ کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے دیا میر بھاشا ڈیم سے متعلق تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی زمین کہاں سے آئی؟ کیا زمین موجودہ حکومت نے خریدی یا انہیں تحفے میں ملی؟ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دیامیر ڈیم کی زمین خریداری کا کام پیپلز پارٹی دو میں شروع ہوا اور ن لیگ نے اسے مکمل کیا ،دیامیر ڈیم کی تعمیر کا سہرا دو سابقہ جمہوری قوتوں کو جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ملک میں دودھ اور شہد کی نہر بہ رہی ہیں، میں ان کے ساتھ کسی بھی شہر کے بازار میں جانے کے لیے تیار ہوں اور ہم پی ٹی وی کے کیمرے پر لوگوں سے پوچھیں گے کہ اشیا ماضی کے مقابلے میں مہنگی مل رہی ہیں یا سستی؟’جو جواب آئے گا وہ پی ٹی وی پر چلایا جائے۔ علاوہ ازیں اپوزیشن سینیٹرز نے سندھ کے جزائر سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبوں کے حقوق پر قبضے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور آرڈیننس کے ذریعے ملک کو چلایا جارہا ہے۔ اراکین نے ملک میں چینی اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے معاملات کمیٹیوں میں بھجوانے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر حکومتی سینیٹرز نے اپوزیشن کو ملکی معاملات کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے اپنے ادوار میں ایک دوسرے کی حکومتوں کو ختم کرنے کے لیے سازشیں کیں اور آج ایک چھتری تلے جمع ہوگئے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے