اسلام آباد (آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک)پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کے خلاف الیکشن کمیشن اسلام آباد دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، قائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹ کا تحفظ کرنے میں ناکام رہا اسے جواب دینا پڑے گا، یہودی اور ہندوئوں سے پیسہ لے کر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ،عوام حق اور انصاف مانگنے آئے ہیں ،7سال سے یہ کیس کیوں التوا کا شکار ہے ،ناانصافی کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ فارن فنڈنگ ثابت ہوگئی، یہودی اور مودی کا یار غدار ہے،5 فروری کولیاقت باغ میں ان کا جنازہ نکالیں گے، مولوی جنازہ پڑھا کر چھوڑتا ہے، ہم ان کو نکال کردم لیں گے، غیرت مند مولوی یہودیوں اور ہندوئوں کے ماہانہ 10ہزار پر لعنت بھیجتے ہیں، مشکوک شخص کو کرسی پر بٹھانے والے بھی مشکوک ہوجاتے ہیں۔آج بھی کہتے ہیں یہ حکومت منتخب نہیں ، اس کو ملک پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کرواسکے، کچھ طاقتور اداروں نے الیکشن پر قبضہ کیا ، مرضی کے نتائج مرتب کیے، قوم پر ڈفلی بجانے والے کو مسلط کردیا، جس کے پاس معیشت چلانے ، سیاست کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، ایک نااہل حکمران کو اس لیے کرسی پر بٹھایا گیا کہ یہ احمق سامنے رہے گا اس کے پیچھے طاقتور ادارے حکومت چلائیں گے۔ آج پوری قوم پر آشکار ہوگیا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کے فنڈز پر الیکشن لڑا اور پارٹی تشکیل دی۔ الیکشن کمیشن نے 7 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ لٹکایا،23اکائونٹس کو خفیہ رکھا گیا، اگر نواز شریف کو اقامے اور بیٹے سے تنخواہ لینے پر جولی بھی نہیں اس پر نااہل کیا جاتا ہے، تو پھر ہمارے دشمنوں اسرائیل اور بھارت کے پیسے پر ایک مشکوک شخص کو حکمران بنایا گیا، جو حساسیت کے لحاظ سے ایٹمی طاقت ہے، کرسی پر بٹھانے کے لیے جس نے بھی پشت بانی کی سہارا دیا، وہ سب مشکوک ہوجاتے ہیں،ہمیں مجبور مت کرو پھر کہتے ہیں اداروں کی بات کرتے ہیں، ادارے آسمان سے نہیں اترے، ادارے ہمارے سوسائٹی کے لوگ ہیں، ان اداروں نے جرائم کیے ہیں، جن کے نتیجے میں پاکستان ٹوٹا، ان اداروں نے پاکستان کو یہاں تک پہنچایا کوئی قرضہ دینے کو تیار نہیں۔حقائق سب سامنے آچکے ہیں۔قبل ازیں آفتاب شیر پائو، محمود خان اچکزئی، راجا پرویز اشرف، امیر حیدر ہوتی، ساجد میر اور اویس نورانی نے بھی خطاب کیا۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ چور ، چور کی گردان کرنے والا خود چور نکلا۔جواب دینا پڑا تو ایجنٹس یاد آگئے، اگر یہ سب تمہارے ایجنٹس نے کیا ہے تو ذرا یہ بھی بتادو کہ 2018ء کے الیکشن میں تمہارے بیلٹ باکسز میں ووٹ کس ایجنٹ نے ڈالے تھے؟انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کیس تو دنوں میں چلتا ہے اور دنوں میں ختم ہوجاتا ہے ، پاکستان کے سب سے بڑے فراڈ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ7سال میں نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل سے پیسہ عمران خان کو دیا گیا۔الیکشن کمیشن کی ناکامی اور خاموشی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں، الیکشن کمیشن بھی شریکِ جرم ہے۔

