ننکانہ صاحب(اے پی پی )وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈئر(ر)اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے لیے تحقیقاتی کمیٹی پر اپوزیشن کا اعتراض بلا جواز ہے، خود اپوزیشن جماعتوں نے براڈ شیٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، براڈ شیٹ کیس میں تحریک انصاف کا کوئی کردار نہیں۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت نے عوام کو براڈ شیٹ اسکینڈل کی اصل حقیقت بتانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی بنائی، یہ18سال قبل کا اسکینڈل ہے جس کا فیصلہ بھی 2018 ء میں آ چکا تھا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس کیس میں ادائیگی اس لیے کی کیونکہ پاکستان کو5 ہزار پائونڈ روزانہ جرمانہ ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے حکومت جو بھی کمیٹی بنائے گی اپوزیشن اس پر اعتراض کرے گی۔
