حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈڑیشن حیدرآباد زون کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کے 4544 ملازمین کو برطرف کرنے اور پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری کیخلاف حیدرآباد پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں حیدرآباد زون کی ملحقہ یونینوں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اسٹیل مل کی نجکاری نا منظور اور اسٹیل مل کے برطرف ہونے والے ملازمین کو نوکریوں پر بحال کرو کے نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین سے نیشنل لیبر فیڈریشن حیدرآباد زون کے صدر شکیل احمد شیخ، سینئر نائب صدر عبدالجبار قریشی، نائب صدر اختر غلام علی، جنرل سیکرٹری اعجاز حسین، پریم یونین کے مبین راجپوت اور انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے منشور میں روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اقتدار میں آکر حکومت نے غریب ملازمین پر شب خون مارتے ہوئے پاکستان اسٹیل مل کے 4544 ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کردیا جبکہ اس قیمتی ادارے کو چلانے کا وعدہ کرنے والے وزیر اعظم اپنے وعدے کیخلاف پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کرنے میں پیش پیش ہیں۔ اسٹیل مل جس کا کل رقبہ 19000 ایکڑ پر مشتمل ہے اور اس کا اپنا تھرمل بجلی گھر، 100 بستروں کا اسپتال، اسپورٹس کمپلیکس اور فلٹر پلانٹ کے علاوہ ملازمین کے لیے ہائوسنگ سوسائٹی موجود ہے۔ اس ادارے کو جان بوجھ کر سابقہ حکومتوں، بیورو کریسی اور صنعت کاروں تک نے اس قیمتی ادارے کو تباہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا مگر اس ادارے کو تباہ کرنے والوں کا احتساب کرنے کے بجائے غریب ملازمین کو برطرف کرنے اور انتہائی قیمتی ادارے کو فروخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس تمام صورتحال پر نیشنل لیبر فیدڑیشن پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری، ملازمین کی برطرفی کیخلاف پورے ملک میں اسٹیل مل کے ملازمین کی آواز اور ان کی ہر جدوجہد میں شامل ہوکر ملازمین کو بحال کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے اسٹیل مل کے ملازمین کی بحالی نہ کی تو ملازمین کی بحالی اور نجکاری کے اقدام کو روکنے کی این ایل ایف ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔
