حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے صوبائی صدر سید منور علی شاہ، جنرل سیکرٹری قدیر حسین، اطلاعات سیکرٹری شاہد سومرو، پاپولیشن ویلفیئر سندھ کے صدر عبدالقدوس شیخ، سندھ اسپورٹس بورڈ یونٹ کے عہدیداران غلام نبی سولنگی، گلاب غازی چانڈیو، مختار عالم نے سندھ اسپورٹس بورڈ حیدرآباد کے ملازمین سے محکمہ اسپورٹس کی جانب سے زیادتی کرتے ہوئے سال 2008ء کے بعد سے تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر مراعات دینے کا سلسلہ بھی بند کردیا تھا جبکہ کراچی اور دیگر اضلاع کے ملازمین کو پوری تنخواہیں اور تمام مراعات دی جارہی ہیں۔ ملازمین کیساتھ زیادتی پر ایپکا کے وفد نے کراچی پہنچ کر سیکرٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ کو آگاہ کیا، جس پر سیکرٹری اسپورٹس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ایپکا رہنمائوں نے بتایا کہ محکمے کے اندر سندھ بھر کے چار سو ملازمین کی بیس سے پچیس سال گزر چکے ملازمت کرتے ہوئے لیکن انہیں مستقل نہیں کیا جارہا ہے جبکہ ہائی کورٹ حیدرآباد نے سال 2017ء میں ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے فیصلے دیتے ہوئے مستقل کرنے کے واضح احکامات بھی جاری کیے گئے لیکن آج تک ملازمین کو محکمے کی جانب سے مستقل نہیں کیا جارہا ہے۔ سیکرٹری اسپورٹس نے ملازمین کے تمام جائز مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ایپکا رہنمائوں نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے کیمپ آفس اور سیکرٹری آبپاشی آفس کا بھی دورہ کیا۔
