منامہ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان نام نہاد امن معاہدے کو آگے بڑھاتے ہوئے بحرین نے قابض ریاست کو ایک نئی سہولت پیش کرتے ہوئے صہیونیوں کو بغیر ویزا کے ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ دوسری طرف صہیونی ریاست نے بھی بحرینی شہریوں کو ویزا فری سہولت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بحرینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اسرائیل، جمہوریہ اٹلی اور ہنگری کے ایسے شہری جن کے پاس خصوصی پاسپورٹ یا سفارتی پاسپورٹ ہوں گے، انہیں الگ سے بحرین کا ویزا لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وہ بحرین کے ویزے کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت بحرین اور دوست ممالک کے درمیان ہونے والے دو طرفہ معاہدوں اور ایک دوسرے کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر سفری سہولیات دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ایف 35 جنگی طیاروں کی فروخت پر واشنگٹن کی جانب سے عارضی تعطل سے امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ دونوں ممالک کے تعلقات اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپسی نا ممکن ہے۔
