بدین (نمائندہ جسارت) علما کرام ملت اسلامیہ کے لیے سرمایہ ہیں، سندھ علما کرام نے ہی علم کی بدولت دنیا میں سندھ کا نام روشن کیا ریاست مدینے کے دعویدار خدا کے مخلوق کی خدمت کریں تو ملک میں خلفائے راشدین کا نظام نافذ ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہلسنت سندھ کے امیر مفتی اعظم سندھ مفتی محمد جان نعیمی نے بدین کے نامور ممتاز عالم دین مفتی صوفی نوراحمد میمن کی وفات پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ َمفتی محمد جان نعیمی نے مزید کہا کہ علما کا تیزی دنیا سے رخصت ہو جانا قیامت کی نشانیوں میں سے ہے، علامہ صوفی نور احمد ایک خدا ترس انسان تھے، انہوں نے پوری زندگی غلبہ اسلام کے لیے وقف کردی تھی، مرکزی جماعت اہلسنت صوفی نوراحمد میمن سے نہیں بلکہ ایک نامور ممتاز عالم دین سے محروم ہوگیا۔ بدین کو آج بھی مفتی نور احمد میمن جیسے علما کرام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس اور مساجد اسلام کی درسگاہیں ہیں، سیکولر عناصر مدارس کیخلاف سازشیں کرنے پر تلے ہوئے ہیں، دینی مدارس کیخلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مدارس میں دہشت گردی کا نہیں بلکہ قرآن وسنت کا درس دیا جاتا ہے۔ مدارس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہ ہونے دیں گے اگر غلط قدم اٹھایا گیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ مفتی اعظم سندھ مفتی جان نعیمی نے ڈاکٹر عبداللہ سومرو کی وفات پر ان کے گھر جا کر تعزیت کی۔
