سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے ضلع بانڈی پورہ میں3 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے نوجوانوں بشیر احمد میر، عرفان احمد بٹ اور ہلال احمد پرے کو ضلع کے علاقے حاجن سے گرفتار کر کے ان پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ کام کرنے کا الزام عاید کردیا۔ ادھرِ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین سید علی گیلانی نے شہید کشمیری رہنمائوں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی برسی پر 9 اور 11 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میںانہوں نے کہا ہے کہ 9 اور 11 فروری مکمل ہڑتال کے ساتھ ساتھ شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے کیونکہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور اس کے تاریخی تسلسل کی ایک علامت بن چکے ہیں ۔