بیجنگ (صباح نیوز) چین نے پاکستان کو کورونا کے خلاف کوششوں اور معیشت کی بحالی کے لےے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق چین نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف کوششوں، معیشت کی بحالی اور سماجی ترقی میں پاکستان کی ضروریات کے مطابق اس سے تعاون جاری رکھے گا۔ اس بات کی یقین دہانی چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ وین بن نے بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران کرائی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کورونا وبا پھوٹنے کے بعد سے ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں اور یہ ٹھوس اقدامات ہماری سدا بہار دوستی کی علامت ہیں۔ رواں سال منائی جانے والی پاک چین ڈپلومیٹک تعلقات کے قیام کی70 ویں سالگر ہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک ساتھ اپنی تقریبات کوکامیاب بنائیں گے اور اپنے باہمی تعلقات کو نئی قوت دیں گے۔
