English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی عرب میں کورونا سے موذن کی موت، مزید کئی مساجد بند

سعودی عرب میں متعدد نمازیوں میں کورونا کی تشخیص اور ایک موذن کی موت پر مزید 10 مساجد کو عارضی ‏طور پر بند کر دیا گیا۔

وزارت اسلامی امور کی جانب سے نمازیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپیل ‏کی ہے کہ کورونا کی کوئی بھی علامت محسوس ہو تو ٹیسٹ کے بغیر مسجد میں آنے سے گریز کیا جائے۔

وزارت نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نمازی مکمل طور پر صحتیاب نہ ہوجائے وہ مسجد میں نہ آئے اور ‏تمام نمازیں گھر میں ہی ادا کرے۔

وزارت کے مطابق وادی الدواسر میں ایک موذن کی موت اور 18 نمازیوں میں کورونا کی تشخیص ہونے پر مزید ‏‏10مساجد کو عارضی طور پر بند کر کے سینیٹائزینگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

تین روز کے دوران نمازیوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر 32 مساجد کو وقتی طور پر بند کیا گیا جس میں سے ‏‏13 کو صفائی اور تحفظ کے مکمل انتظامات کے بعد کھول دیا گیا۔

مساجد کھلنے اور بند کرنے کے اوقات سمیت اذان اور تکبیر کے دورانیہ کو مزید کم کر دیا گیا۔ سماجی فاصلے اور کم سے کم عوامی میل جول کی ضروری سرگرمیوں میں بھی لوگوں کی تعداد کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ اذان اور تکبیر کے درمیان وقفے 10 منٹ سے زائد کا نہیں ہوگا جب کہ نمازِ فجر میں یہ دورانیہ 20 منٹ ہوگا۔

نماز کے لیے مساجد کھلنے کے دورانیہ کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔ اذان پر مساجد کھولی جائیں گی اور جماعت کے 10 منٹ بعد بند کر دی جائیں گی۔

مساجد میں ہونے والے تمام دعوتی اجتماعات اور سرگرمیوں کو معطل کر دیا گیا ہے اور آئندہ سے تمام پروگرامات آن لائن منعقد کیے جائیں گے۔

نماز جمعہ کے لیے جامع مساجد اذان سے 30 منٹ قبل کھولی جائیں گی اور نماز کے 15 منٹ بعد بند کر دی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے