نئی دہلی:بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں مسافر بس سڑک سے پھسل کر نہر میں گرگئی جس کے نتیجے میں کم از کم 48 مسافر ہلاک جبکہ 7 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے 493 کلومیٹر مشرق میں واقع ضلع سدھی کے گاؤں پٹنہ کے نزدیک پیش آیا، بس نہر میں گرنے کے بعد بس مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی۔
ضلعی مجسٹریٹ آفس سدھی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ابھی تک نہر سے 48 افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 7 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے، اوور لوڈنگ، سڑکوں کی خراب حالت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے باعث بھارت میں اکثر مہلک ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

