English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت نے ملک بھر میں مزید احتساب عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد:  وزارت خزانہ نے ملک بھر میں 30 احتساب عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 40 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی ہے اور 300 آسامیوں کی بھی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں مزید 30 احتساب عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 40 کروڑ کی تکمیلی گرانٹ منظور کرلی ہے  اور دستیاب دستاویزات کے مطابق وزارت خزانہ نے 30 احتساب عدالتوں کے لیے 300 آسامیوں کی منظوری دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں 6 مزید احتساب عدالتیں قائم ہوں گی جس کے بعد مجموعی تعداد 11 ہو جائے گی  اور لاہور میں بھی مزید 5 احتساب عدالتیں قائم کی جائیں گی جس کے بعد مجموعی تعداد 10 ہوجائے گی  جبکہ اسلام آباد میں مزید تین احتساب عدالتیں قائم ہوں گی جس کے بعد مجموعی تعداد 6ہو جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق ملتان میں تین مزید احتساب عدالتیں قائم ہونے کے بعد شہر میں مجموعی طور پر 4 احتساب عدالتیں ہو جائیں گی ، پشاور میں مزید چار احتساب عدالتیں قائم ہوں گی جس کے بعد مجموعی تعداد احتساب عدالتوں کی تعداد 8 ہوجائے گی۔

دستاویزات کے مطابق سندھ کے شہر سکھر میں اس وقت ایک احتساب عدالت ہے اور وہاں مزید تین احتساب عدالتیں قائم کی جائیں گی جبکہ حیدرآباد میں مزید 2 احتساب عدالتیں قائم ہوں گی جس کے بعد شہر میں مجموعی احتساب عدالتوں کی تعداد 3 ہو جائے گی۔

دوسری جانب  راولپنڈی میں ایک مزید احتساب عدالت قائم ہونے کے  بعد احتساب عدالتوں کی تعداد 4 ہوجائے گی اور اسی طرح کوئٹہ میں مزید تین احتساب عدالتیں قائم ہوں گی جس کے بعد مجموعی احتساب عدالتوں کی تعداد پانچ تک پہنچ جائے گی۔

یاد رہے وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے تحت ملک میں 30 نئی احتساب عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ عدالتیں جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کا واحد حل نہیں ہے۔

واضح رہے وفاقی وزارت قانون و انصاف کے ترجمان نے بتایا تھا کہ مالی مشکلات کے باعث فی الحال 120 کے بجائے 30 نئی احتساب عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے حکم پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے