وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت میں آئی تو ہمیں ریکارڈ خسارے کا سامنا تھا۔ پاکستانی تاریخ میں ہماری حکومت نے ریکارڈ قرضے واپس کیے۔
دارالحکومت اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بیرونی ملک پاکستانی قوم کااہم اثاثہ ہیں۔ شوکت خانم اسپتال کے لیے جب فنڈز اکٹھے کیے تو سب سے زیادہ اوور سیز پاکستانیوں نےحصہ لیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرنسی گرتی ہے تو سب سے زیادہ بوجھ غریب پر پڑتا ہے۔ مالی خسارے کا سب سے زیادہ اثر ملک کی کرنسی پر ہوتا ہے۔ غریب عوام اور تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر اقدامات سے اب ہمارے ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، ملکی معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے، روپے کو مستحکم رکھنے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اہم پیشرفت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کے باوجود معاشی استحکام آ رہا ہے۔ معاشی بہترین کے لیے بینکوں کا کردار اہم ہے۔ ہماری حکومت نے 20 ارب ڈالرز واپس کردیے، کُل 6 ہزار ارب روپے قرضوں کی قسطیں دے چکے۔
عمران خان نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں نے غیر معمولی دلچسپی لی ہے اور دنیا کے97 ملکوں میں اب تک 87 ہزار 833 اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جن کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے گئے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجی گئیں ترسیلات زر 500 ملین ڈالرز سے بڑھ گئیں۔ آج اسٹیٹ بینک کے لیے خوشی کادن ہے۔
رضا باقر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں اسٹیٹ بینک نے وہ اقدامات کیے جو پہلے نہیں ہوئے۔ بیرونی ملک پاکستانی قوم کا اہم اثاثہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانی اپنا اکاؤنٹ گھر بیٹھ کر استعمال کر سکتے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو آزمائیں۔ اندازے کے مطابق اوور سیز پاکستانیوں کی تعداد 70 سے 90 لاکھ ہے۔

