اسلام آباد(اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور خطے میں قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے،اس کے حل کے بغیرجنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، وقت آگیا ہے کہ ماضی کو دفن کرکے مستقبل کی جانب بڑھیں، ہمارے ہمسائے کو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا کیونکہ مستحکم پاک و ہند تعلقات مشرقی اورمغربی ایشیا کو قریب لاسکتے ہیں۔وہ جمعرات کو اسلام آباد سیکورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ سربراہ پاک فوج نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، آج دنیا کو مختلف طرز کی دہشت گردی کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے ،ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمہ جہت حکمت عملی اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں سیکورٹی خطرات کے باوجود دفاع کے اوپر کم خرچ کررہا ہے، سیکورٹی پر اخراجات بڑھانے سے انسانی ترقی کی قربانی دینا پڑتی ہے ،پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے اہم کردار ادا کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے عزم کی عکاس ہے، افغانستان میں امن خطے میں امن کی ضمانت ہے اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے، پاک افغان بارڈر پر مارکیٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدہ پاکستان کی کوششوں سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کو یقینی بنانا صرف افواج کا کام نہیں، نیشنل سیکورٹی کثیر الجہتی ہوتی ہے اس میں قوم کا اہم کردار ہوتا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک طویل جدوجہد کے بعد منزل کے قریب ہیں۔

