English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا کیسز3ماہ کی بلند سطح پر‘61اموات‘سخت پابندیوں کاانتباہ‘ عمران خان نے ویکسین لگوالی

القمر

اسلام آ باد‘ کراچی ‘ لاہور ‘ پشاور ‘ کوئٹہ (نمائندہ جسارت +اسٹاف ر پورٹر)کورونا کیسز3ماہ کی بلند سطح پر ‘ 61 اموات ‘ سخت پابندیوں کاانتباہ‘عمران خان نے ویکسین لگوالی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ایس او پیز کو نظرانداز کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت گزشتہ روز این سی او سی میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کورونا کے حوالے سے صحت کے مختلف رہنما اصولوں پر عمل درآمد سے آگاہ کیا گیا جو کہ تمام صوبوں کو جاری کیے گئے ہیں ۔این سی او سی نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اموات کی شرح پر شدید تشویش ظاہر کی ۔بیماری میں تیزی سے بڑھتا ہوا رجحان نظر آرہا ہے اورکورونا کے مثبت کیسز کا تناسب 7.5 فیصد کو عبور کر چکا ہے ۔ صوبائی انتظامیہ سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کرنے کو کہا گیا ہے۔عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر شدید تشویش ظاہر کی گئی۔ ایس او پیز کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی، ماسک کا نہ پہننا،معاشرتی فاصلے کو نظر انداز کرنے سمیت احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی بڑے پیمانے پر اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک بار پھر اس وائرس کے خلاف صحت کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کی عمدہ مثال پیش کریں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے نتیجے میں سخت اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں جس کے نتیجے میں کاروبار بند ، معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں پر پابندی عاید ہوسکتی ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ملک بھر میں کووڈ ویکسینیشن مراکز اتوار اور قومی تعطیلات پر بند رہیں گے۔ اسد عمر نے کہاکہ بہت زیادہ احتیاط کریں، نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور زیادہ خطرناک ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسد عمر نے کورونا وائرس کی نئی لہر سے خبردار کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ہم سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا، کورونا کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر تشویشناک کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میںہم سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔ دریں اثنا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 61 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 495 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 91 ہزار 186، سندھ میں 2 لاکھ 62 ہزار 207، خیبر پختونخوا میں 77 ہزار 443، بلوچستان میں 19 ہزار 269، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 965، اسلام آباد میں 49 ہزار 476 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 264 کیسز رپورٹ ہوئے،ملک بھر میں اب تک 96 لاکھ 48 ہزار 242 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 44 ہزار 377 نئے ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 5 لاکھ 77 ہزار 501 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 62 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 61 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 896، سندھ میں 4 ہزار 469، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 188، اسلام آباد میں 531، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 328 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا ویکسین لگوا لی۔ملک بھر میں 60 سال اوراس سے زاید عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا عمل جاری ہے اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت متعدد شخصیات کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔اب وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا ویکسین لگوا لی ہے، وزیراعظم نے کورونا ویکسین اسلام آباد میں لگوائی۔ کورونا ویکسین لگوانے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپیل بھی کی کہ وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ادھر کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق کراچی کے معروف نجی اسپتال آغا خان میں کورونا ویکسین لگانے کے عوض پیسے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے مہیا کردہ سرکاری کورونا ویکسین پر آغا خان کی اجارہ داری سامنے آئی ہے، جہاں کورونا ویکسین لگانے کے عوض پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب آغا خان اسپتال کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں اسپتال انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ اسپتال آنے والے معمر شخص کو کورونا ویکسین مفت فراہم کی جارہی ہے جبکہ گھر جاکر کورونا ویکسین لگانے کے چارجز 3 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔آغا خان اسپتال کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گھر میں ایک سے زاید مریض ہونے پر 2 ہزار روپے فی کس لیے جائیں گے۔واضح رہے کہ آغاخان اسپتال نے آج سے ویکسینیشن مرکز پربغیر اپائنمنٹ آنے سے روک دیا ہے۔ذرائع کے مطابق دیگر پرائیویٹ اسپتالوں نے آغا خان کے اس رویے پر حکومت سے ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیگر سرکاری اسپتالوں کو بھی ویکسین دی جائے اور اس طرح بزنس کی سہولت بھی مہیا کی جائے۔دوسری جانب وفاق کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے کسی اسپتال کو پیسے لینے کی اجازت نہیں دی اور آغا خان نے بغیر اجازت ہوم سروس فیس لی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاق کے اعلیٰ حکام نے سندھ کی صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر آغا خان اسپتال کو رقم وصول کرنے سے روکے ۔جب کہ سندھ حکومت نے ڈاؤ اوجھاکیمپس میں 24 گھنٹے ویکسینیشن کی سہولت کا آغاز کردیا ہے، یہ سہولت سینئر سٹیزن اور60 سال کی عمر سے زاید افراد کے لیے ہے۔ترجمان ڈاؤ اوجھا کیمپس کے مطابق شہری 1166 پر رجسٹریشن لازمی کرائیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں 70 سال سے زاید عمر کے شہریوں کے لیے واک ان ویکسینیشن سہولت گزشتہ روز سے شروع کی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے