English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وفاقی وزیرداخلہ کی سندھ میں گورنر راج کی دھمکی

القمر

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سندھ میں گورنر راج کی دھمکی دے دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پی ڈی ایم اسلام آباد میں کوئی حرکت کرتی ہے تو اس کا جواب سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں دیا جائے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ڈھائی سال میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم نے خود کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ٹوٹ پھوٹ پر کوئی بیان نہیں دینا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ڈی ایم استعفے دیتی ہے تو فوج کی تعیناتی کے بغیر ضمنی الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ وفاقی کابینہ میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہونے جارہا ہے۔ ایک سوال پر شیخ رشید نے کہاکہ سکندر سلطان راجا کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کا مشورہ انہوں نے نہیں دیا تھا تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وزیراعظم کو کہیں اورتعیناتی کے لیے کہا تھا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور ہی نہیں بلکہ منسٹر انکلیو تک دہشت گردی کے حملے کا خطرہ ہے۔انہوںنے وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سال گزر چکے ہیں، اب ساری اپوزیشن سے بات کریں اور معاملات آگے بڑھائیں،جو سیاست میں بات چیت کا دروازہ بند کرے وہ سیاستدان ہی نہیں ہے، میں چاہتا ہوں کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات کی جائے۔ شیخ رشید نے کہاکہ زرداری ہوشیار آدمی ہیں جبکہ ن لیگ بھی پنجاب میں عثمان بزدار کے ساتھ ہے،عثمان بزدار کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ عمران خان اس وقت پراعتمااد اور مطمئن دکھائی دے رہے ہیں، حکومت اور فوج کے درمیان معاملات کبھی اتنے اچھے نہیں دیکھے جتنے اب ہیں۔دوسری جانب وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کومشورہ دیا ہے کہ موجودہ ماحول میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کوپرویز خٹک نے یہ مشورہ اس وقت دیا جب انہوں نے حکومتی رہنماؤں سے ملاقات کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے