English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

احترام رمضان ایکٹ پر عملدرآمد ہم سب پر لازم ہے، سلامت میمن

القمر

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سلامت میمن نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان کے بابرکت مہینے میں احترام رمضان ایکٹ پر عملدرآمد کرنا ہم سب پر لازم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میںماہِ رمضان کے انتظامات کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علماء کرام نے بجلی اور گیس کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، پینے کے پانی کی فراہمی، تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی کے انتظامات بہترکرنے، منافع خوری اور دیگر مسائل پیش کیے جس پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی میرپورخاص شاہدہ پروین جامڑو کوہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے انتظامات بہتر کرنے، تجاوزات کاخاتمہ اور منافع خوری کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ایکسین حیسکو افتخار سومرو کو ہدایت کی کہ سحر و افطار اور تراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجینئر نعیم میمن کو ہدایت کی کہ رمضان میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ سوئی گیس کے نمائندے وفاق احمد کو ہدایت کی کہ سحر وافطار میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے علماء کرام سے کہا کہ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو ہم آہنگی اور بھائی چارگی کا درس دیں، کورونا وائرس کے پیش نظر ماسک کے استعمال کی پابندی کی جائے۔ اس موقع پر ایس ایس پی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ ماہِ رمضان میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، تاہم عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے تعاون کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حسن خاصخیلی، مولانا حفیظ الرحمن فیض، مفتی شریف سعیدی، مولانا سید ضیا حیدر نقوی، مولانا التماس صابر، مولانا محمد بخش قادری، ڈاکٹر ثاقب کاظمی، مولانا صادق سعیدی اور دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے