English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تھر پارکر میں دعا فاؤنڈیشن نے کھجوروں کی مختلف اقسام کی کاشت کا کامیاب تجربہ کر لیا

تھر پارکر میں دعا فاؤنڈیشن نے کھجوروں کی مختلف اقسام کی کاشت کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔اس سے قبل برطانوی راج میں یہ تجربہ کیا گیا تھا جو ناکام ہوا تھا-

تفصیلات کے مطابق تین برس قبل دعا فاؤنڈیشن نے تھر کی تحصیل ڈاہلی کے گوٹھ سخی سیار میں کھجور کے چھوٹے درخت لگائے تھے جو تین برس میں بڑے ہو کر پھل دینے لگے ہیں- اس کامیاب تجربے کے بعد دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان،  سیکرٹری ڈاکٹر فیاض عالم، ذبیح اللہ خان، ممتاز عالم اور عدنان رشید نے تھر کی تمام تحصیلوں میں اس حوالے سے تفصیلی سروے کیے اور پہلے سے موجود دعا ایگرو فارمز اور مٹھی کی مرکزی شاہراہ پر کھجور کی مختلف اقسام کی کاشت کی- اس کے لئے خیر پور، خیبر پختونخوا اور ملک کے دوسرے علاقوں سے کھجور کی مختلف اقسام کے بڑے پودے منگوائے گئے جن میں عجوہ، بصرہ، اصیل، دھکی، مضافاتی اور دوسری اقسام شامل ہیں-  تھر کی تحصیل کلوئی، ڈیپلو، چھاچھرو، مٹھی ننگرپارکر اور ڈاہلی میں کھجور کے تقریبا ڈھائی ہزار سے زیادہ چھوٹے درخت لگائے گئے ہیں جو ایک سال بعد بعد پھل دینا شروع کر دیں گے- اس موقع پر بات کرتے ہوئے عامر خان اور ڈاکٹر فیاض عالم کا کہنا تھا کہ کھجوروں کی کاشت کا یہ منصوبہ تھر کی تقدیر بدل دے گا کیونکہ یہاں پر غذائی قلت کا بھی سامنا ہے- انہوں نے کہا کہ اس کھجور سے نہ صرف خواتین بلکہ کمزور بچوں میں بھی غذائی قلت دور ہوگی اور وہ صحت مند زندگی گزار سکیں گے- انہوں نے کہا کہ کھجور کی کامیاب کاشت سے تھر میں ایک زرعی انقلاب آئے گا اور چند برسوں میں نہ صرف یہاں کا کسان اور کاشتکار خوشحال ہوگا بلکہ وہ لوگ جو صرف بارش کے آسرے پر فصلیں کاشت کیا کرتے تھے، ان کو مستقل روزگار ملے گا اور معیشت کا پہیہ رواں دواں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے