نواب شاہ( نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت اشیاء خورونوش بلخصوص آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک اجلاس دربار ہال میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکارز، محکمہ خوراک، بیورو آف سپلائی کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت
کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے کہا کہ ضلع کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز کی تعاون سے تمام شہروں میں سستے آٹے کے اسٹال قائم کیے جائیں جبکہ چکی کے آٹے پر بھی نظر رکھی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہروں کے مختلف مارکیٹوں کے دورے کرکے حکومت کی جانب سے فلور ملز کے آٹے کی مقرر کردہ 55 روپے فی کلو کی قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ زیادہ قیمتیں وصول کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع میں 6 فلور ملز کام کررہی ہیں اس لیے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر فلور ملز کو ملنے والی کوٹا کے تحت گندم سے آٹا سستے آٹے کے قائم اسٹالوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ ہر فلور ملز کی جانب سے کم سے کم 10 سستے آٹے کے اسٹال لگائے جائیں اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹوروں پر بھی آٹے کی دستیابی کی وافر مقدار میں یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں
