لاہور(جسارت نیوز)پریمئر سپر لیگ کے پانچوں ایڈیشن کے لئے ریس کورس کرکٹ گرائونڈ اور اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے رائونڈمیچز میںپریمئر سپر لیگ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، ٹی پی آر، اے ایم ٹی اور یونی فوم کی ٹیموں نے حریف ٹیموںکو پچھاڑکر کامیابی حاصل کرلی۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے آئی سی آئی کو 42 رنز سے شکست دی۔ سول ایوی ایشن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ آصف عمران نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، زوہیب شاہد نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آئی سی آئی کی ٹیم 113 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ محمد یوسف نے 46 رنز بنائے جبکہ عدیل احمد نے چار کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ عدیل احمد کو شاندار بالنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ٹی پی آر نے زلٹیک کو چار وکٹوں سے ہرا دیا۔ زلٹیک کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 126 رنز بنائے۔ عبداللہ ہاشمی نے 65 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ حماد عزیز اور وقاص حسن نے تین ،تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ٹی پی آر نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ دلاور جہانگیر 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔ وقاص حسن کو عمدہ بالنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں یونی فوم نے شاپ ڈیو شاپستان کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ شاپستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ شاہ زیب مشتاق نے 44 رنز بنائے جبکہ عباس علی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یونی فوم کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ امتیاز انتظار نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عباس علی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں اے ایم ٹی نے روز پیٹل کو باآسانی 192 رنز سے شکست دی۔ اے ایم ٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ محسن رشید 62، وقاص الدین 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عماد طارق نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اے ایم ٹی نے روز پیٹل کی ٹیم کو 40 رنز پر ڈھیر کردیا۔ محمد ارسلان نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ قیصر نواز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اے ایم ٹی کے محمد ارسلان کو بہترین بولنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایواڈ دیا گیا۔
