کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگئی ہے، کراچی میں پاکستان کی پہلی الیکڑک بس سروس کا آغاز اس سال دسمبر میں نہیں ہوسکے گا۔
تین کروڑ شہریوں کے لیے صرف ایک ا لیکڑک بس کو کراچی کے مختلف روٹس پر گزشتہ 7ماہ سے آزمائشی بنیاد پر چلایا جارہا ہے،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے مارچ کے مہینے میں اعلان کیا تھا کہ اس سال کے آخر تک 100 الیکٹرک بسیں کراچی کے سڑکوں پر لائی جائیں گی تاہم سفائر کمپنی کے احمد بلال نے الیکڑک بس سروس کے حوالے سے دسمبر تک چلانے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر تک 100الیکڑک بسیں کراچی کی سڑکوں پر نہیں آسکے گی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ دی جاسکتی ہے۔
سفائر کمپنی کے منیجر اور ہیڈ آف ٹیکنکل اینڈ آپریشن الیکڑک بس پروجیکٹ احمد بلال نے جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بڑے منصوبے کو شروع کرنے میں وقت لگتا ہے ہم پاکستان کے سب بڑے شہر کراچی میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ایک ماحول دوست الیکڑک بسیں لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے ٹرانسپورٹ کی صورتحال سے باخبر ہیں اور ہماری خواہش بھی ہے کہ ہم کراچی کے شہریوں کو ایک جدید سفری سہولیات فراہم کریں اس کے لیے ہم نے گزشتہ 7ماہ سے کراچی کے مختلف روٹس پر اپنی ایک بس کے زریعے آزمائشی سروس شروع کررکھی ہے جس سے کراچی کے شہری مستفید ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے الیکڑک بس سروس شروع کرنے کے اعلان کے حوالے سے میں کیچھ نہیں کہہ سکتاہوں تاہم میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس سال کے آخر تک 100 الیکٹرک بسیں کراچی کے سڑکوں پر نہیں لائی جا سکتی ہے کیوں ابھی اس حوالے سے بہت سے کام باقی ہے،وقت کے ساتھ ساتھ ہمار اکام آگے بڑھے گا اور ہم جلد ہی کراچی میں شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
الیکڑک بس چلانے والے فیصل موورز کے جنرل منیجرخان عبدالرب نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں الیکڑ ک بس سروس کے آغاز کے حوالے سے حتمی تاریخ کے بارے میں کیچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ فیصل موورز ایک ایسی ٹرانسپورٹ کمپنی ہے جسے پاکستان میں بہترین سفری سہولیات متعارف کرانے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ فیصل موورز کی ٹرانسپورٹ سروس پاکستان کے مختلف شہروں سے روزانہ 33ہزار اور ماہانہ ساڑھے 9 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ابھی فیصل موورز نے ایک جدید ترین نئی الیکڑ ک بس سروس متعارف کرادی ہے۔
الیکڑک بس میں ای ٹکٹنگ اور بس کے ٹریکنگ کے لیے کام کرنے والے ڈوسفر ڈاٹ کامDosafar.com کے سی ای او خضر احمد صدیقی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی الیکڑ ک بس کے آغاز کے حوالے سے حتمی تاریخ کے بارے میں کیچھ بتایا نہیں جاسکتا ہے۔
ہم ای ٹکٹنگ کے ذریعے الیکٹرک بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کا ڈیٹا جمع کر رہے ہیں اور اس ڈیٹا اور مسافروں کی رائے کو دیکھتے ہوئے ہم اپنی سروس بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرینگے تاکہ مسافروں کو سفری سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
اس وقت کراچی میں چلنے والی الیکٹرک بس میں ای ٹکٹنگ اور بس کے ٹریکنگ کا مکمل نظام موجود ہوگا۔الیکڑک بس سروس کے حوالے سے موقف جانے کے لیے صوبائی وزیر
ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سے ان کے موبائل نمبر 03008314455پر جسارت کی جانب سے متعدد بار رابط کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے فون کال اٹینڈ نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ 30مارچ2021کو وزیرٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ایک الیکٹرک بس کا افتتاح کیا تھا۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بس آزمائشی بنیادوں پر ٹاور سے براستہ ایم اے جناح روڈ شاہراہ پاکستان سہراب گوٹھ تک چلائی جائے گی۔
ایک سے دوسرے اسٹاپ تک کرایہ دس روپے رکھا گیا ہے، اس کا کرایہ فی کلو میٹر 4 روپے ہوگا اور یہ سیٹ ٹو سیٹ چلے گی۔رواں سال کے آخر تک 100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔

