دبئی(نمائندہ خصوصی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اگلے دن کمرشل فلائٹ سے دبئی سے ڈھاکا روانہ ہوگی ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی صورت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم وطن واپس نہیں آئے گی۔ ممکنہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی ہی ڈھاکا جائیں گے ۔ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔پاکستانی ٹیم پہلے 19،20اور 22نومبر کو ڈھاکا میں 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔اس کے بعد دو ٹیسٹ میچز ڈھاکا اور چٹاگانگ میں ہوں گے۔ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے اوپنر تمیم اقبال پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شریک نہیں ہوں گے۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں واپسی کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 7نومبر سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ تمیم اقبال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہو گئے تھے۔
