English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

رعایا کی کفالت اسلامی ریاست کی ذمے داری ہے‘نصراللہ عزیز

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ سیکولر اور لبرل حکمرانوں نے امریکی غلامی اور آئی ایم ایف کی نوکری کرتے ہوئے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور بدترین معاشی بحران میں مبتلا کرکے خودکشی کرنے پر مجبور کردیا ہے، غیر اسلامی ،غیرشرعی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مفلسی،غربت اور بھوک بدحالی کے شکار ہیں، مدینے کی ریاست بنانے کا دعویٰ کرکے اللہ، رسولؐ اور عوام کے ساتھ سب سے بڑا دھوکا کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگھوپیر میں مقامی امیر عبدالمجید خاصخیلی کے ہجرے میں ایک دعوتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پی پی کے 13 سالہ حکومتی دور میں وڈیروں نے عوام کا استحصال اور مرکز میں ساڑھے 3 سال سے عمران نیازی عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ ر ہے ہیں، اگر مدینے کی ریاست کے بنیادی اصولوں پر عمل کیا جاتا تو آج ملک میں انسان تو کیا کوئی جانور بھی بھوکا نہ رہتا۔عوام گزشتہ 70 سال سے پاکستان میں سیکولر، لبرل ،جاگیرداروں اور وڈیروں کے جبر اور ظلم کا شکار ہیں ،بار بار آزمانے اور اقتدار میں بھیجنے کے باوجود یہ لوگ فقط اپنی تجوریاں بھرنے اور ملک کو لوٹنے میں مصروف رہے جبکہ عوام آج بھی بھوک ،بدحالی اور مفلسی کا شکار ہیں ، جماعت اسلامی حکومت کے قیام کے لیے ہر دروازے پر دستک دیتی رہی ہے اس لیے اب قوم کو چاہیے کہ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر مقامی رہنما عبدالمجید خاصخیلی، مقامی امیر محمد سلیم خان ودیگر بھی موجود تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے