English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کابل میں بڑا حملہ ،بدری 313 فورس کے سربراہ سمیت 25 شہید،طالبان کی مشکلات میں اضافہ

کابل : داعش کے حملے میں شہید ہونے والے طالبان کی بدری 313 فورس کے سربراہ مولوی حمداللہ رحمانی کی فائل فوٹو

کابل/اسلام آباد(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں واقع فوجی اسپتال پر حملے کے نتیجے میں بدری 313فورس کے سربراہ مولوی حمداللہ رحمانی سمیت 25 افرادشہید اور50 سے زاید زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 400 بستروں پر مشتمل ملک کے سب سے بڑے فوجی اسپتال (سردار محمد خان داؤد ملٹری اسپتال) پر حملے سے پہلے 2 دھماکے ہوئے جس کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک دھماکا اسپتال کے سامنے جبکہ دوسرا قریب ہی ہوا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس کے بعد حملہ آور اسپتال میں داخل ہوگئے۔طالبان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دولت اسلامیہ خراسان سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے اسپتال کے گیٹ پر پہلا دھماکا کیا اوراسپتال کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے۔ ان کے مطابق طالبان اہلکاروں نے5حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ دھماکوں کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کار میں موجودبارودی مواد کے ذریعے کیے گئے، جن کے بعد داعش کے جنگجو اسپتال میں داخل ہوئے، جہاں ان کی وہاں موجود طالبان اہلکاروں سے مسلح جھڑپ ہوئی ۔بدری 313فورس کے سربراہ مولوی حمداللہ رحمانی کے شہیدہونے کی تصدیق سرکاری حکام نے بھی کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مولوی حمداللہ رحمانی پہلے طالبان رہنما تھے جو اور 15 اگست کو اشرف غنی کے فرار کے بعد صدارتی محل میں داخل ہوئے تھے۔واضح رہے کہ غیر ملکی افواج اور امریکی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف 20 سال تک برسر پیکار طالبان کو اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں استحکام لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ طالبان کی عبوری حکومت کے قیام کے بعد گزشتہ چند ہفتے میں داعش کی جانب سے متعدد خوفناک حملے کیے جاچکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان نے کابل میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں جن کے پیارے دہشت گردی کے اس بہیمانہ واقعہ کا شکار ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ ہم زخمیوں سے بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے