لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور کورننگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ نے این اے133 کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔ امیدواروں نے اپنے وکیل قاضی مبین کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ الیکشن ٹریبونل کے روبرو اپیل دائر کی۔ اپیل میں موقف اختیار کیا کہ ریٹرنگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، ریٹرننگ آفیسر نے تجویز
کنندہ کا تعلق این اے133سے نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔ اپیل میں دعویٰ کیا کہ تجویز کنندہ بلال حسین کا تعلق اسی یونین کونسل سے ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ تجویز کنندہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل تمام دستاویزات این اے133 سے ہیں، اس لیے ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔ تجویز کنندہ حلقہ این اے133کے رہائشی ہیں جبکہ غلط طریقے سے تجویز کنندہ کا ووٹ این اے130 میں ڈالا گیا۔ استدعا ہے کہ عدالت ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کرکاغذات نامزدگی درست قراردے۔ جسٹس شاہد جمیل خان پر مشتمل الیکشن ایپلٹ ٹریبونل 9 نومبر تک اپیلوں پر سماعت کرے گا۔