دبئی(نمائندہ خصوصی)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا’ آسٹریلیا نے 74 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 7ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا ایڈم زمپا کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ اننگز کے 5اوور باقی تھے۔ آسٹریلوی بولرز کے سامنے بنگلا دیشی بلے باز بے بس دکھائی دیے،شمیم حسین19 رنز کے ساتھ نمایاں ہے۔ محمد نائم 17′ کپتان محمد اللہ 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔ آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے بنگلا دیشی بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور صرف 19رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے دو دو جبکہ گلین میکسویل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے74 رنز کا ہدف ساتویں اوور میں2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کپتان ایرون فنچ نے 20بالوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی’ ڈیوڈ وارنر 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ مچل مارش 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلا دیشی بولر تسکین احمد اور شریف الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر رن ریٹ کی بنیاد پر گروپ1 میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

