لاہور( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سعد رضوی سے بات چیت فرانس کے مسئلے پر ہوئی تھی ، کس کی کس سے ڈیل ہوئی پتا نہیں، تحریک لبیک سے معاملات 2 وزرا دیکھ رہے ہیں تاہم ٹی ایل پی کے ساتھ جس معاہدے پر دستخط کیے اس پر قائم ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلوے موج کی وزارت تھی جب تک ٹرین نہ گرے تب تک کوئی نہیں پوچھتا ، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں یہ معمولی نوکری ہے۔40سال سے وزیر ہوں اور یہ میری پندرہویں وزارت ہے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، عمران خان 5سال پورے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری اپوزیشن باہر ہے، کوئی زیر حراست ہے نہ کسی پر فورتھ شیڈول ہے، پاکستان کی بدنصیبی ہے چھوٹے لوگ بڑے گھروں میں چلے گئے ۔

