ابوظہبی : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے نمبیبیا کو 164 رنز کا ہدف دینے کے بعد میچ باآسانی 52 رنز سے جیت کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، نیوزی لینڈ نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور دونوں اوپنرزنے 4 اوورز میں 30 رنز کی شراکت قائم کی۔
مارٹن گپٹل 18 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ویزے کو وکٹ دے گئے، انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا تھا، ڈیرل مچل بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 15 گیندوں پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کیوی کپتان کین ولیمسن نے ڈیون کونوے کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے اچھی شراکت کی لیکن ایراسمس نے ان کی 28 رنز کی اننگز 81 کے مجموعے پر سمیٹ لی۔ڈیوڈ کونوے آؤٹ ہونے والے آخری بلےباز تھے۔
انہوں نے 18 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 رنز بنا کر ایراسمس اور بیرکنسٹوک کے گٹھ جوڑ سے رن آؤٹ ہوئے۔گلین فلیپس اور جیمز نیشام نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو ایک معقول مجموعے کی طرف گامزن کردیا اور دونوں بلے بازوں نے مقررہ اوورز میں مزید کوئی وکٹ گرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 163 رنز بنا لیے۔فلیپس نے 21 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔نیشام کی 35 رنز کی اننگز 23 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں پر مشتمل تھی۔
نمیبیا کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا اور شراکت میں 47 رنز بنائے۔مائیکل وین لینگین 25 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے۔
اسٹیفن بارڈ 21 رنز بنائے، سینیٹرنے ان کی وکٹیں اڑا دیں تو نمبیبیا کا اسکور 51 رنز تھا۔کپتان ایراسمس بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور 55 کے اسکور پر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے کر واپس ہوگئے۔نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 111 رنز بنا سکی۔نیشام کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔
اس کامیابی کے ساتھ کیوی ٹیم نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ نمیبیا ورلڈ کپ سے باہر ہوچکا ہے ۔
