English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سوڈانی فوج ،عالمی دبائوپر گھٹنے ٹیکنا شروع 4 وزرا رہا

القمر

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کے فوجی حکمراں جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا ہے کہ ملک پر فوج کا کنٹرول بغاوت نہیں ہے، بلکہ عسکری اقدام اقتدارکی جمہوری منتقلی کے لیے کیا گیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق عالمی سطح پر شدید دباؤ کے باعث عبد الفتاح برہان نے زیر حراست 4وزرا کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا، اقوام متحدہ، یورپی یونین اورعلاقائی اتحاد کے احتجاج پر سوڈان میں آمر حکومت کے قیام کی امیدیں کم ہونے لگی ہیں۔ جنرل برہان نے وزرا کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایک نئی حکومت کا قیام لازمی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیل نہیں بتائی کہ نئی حکومت کس طرز کی اور کس کی قیادت میں ہو گی۔ آرمی چیف کے ترجمان طاہر ابو حاجہ نے جمعرات کے روز اپنے بیان میں بتایا تھا کہ ہم قومی مفاد کے لیے تمام اندرونی اور بیرونی اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ اس کے بعد سوڈان ٹی وی نے مواصلات کے وزیر ہشیم حصال برالسول، تجارتی امور کے وزیر علی جیدو، اطلاعات و نشریات کے وزیر حمزہ بلول اور کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر یوسف آدم کو رہا کیے جانے کی خبر دی۔ ادھر اقوام متحدہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے سوڈانی فوج پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں آئین کی بالا دستی کو قائم کرنے کے ساتھ ہی اقتدار کی منتقلی کا عمل تیز کرے اور جتنی جلدی ممکن ہو ملک کے سیاسی بحران کو حل کرے۔ اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بھی جمعرات کے روز سوڈان کے فوجی سربراہ سے فون پر بات چیت کی تھی اور اقتدار کی منتقلی کو تیز تر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاکہ فریقین نے جمہوریت کی منتقلی کے راستے کو برقرار رکھنے، عبوری حکومت کے ڈھانچے کو مکمل کرنے اور نئی حکومت کی تشکیل کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے