کوئٹہ (جسارت نیوز ) پاکستان تھروبال فیڈریشن اور بلوچستان تھروبال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور بلوچستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے کھیلی گئی بین الصوبائی تھروبال چمپیئن شپ میں بلوچستان نے مردوں کا جبکہ سندھ نے خواتین کا ٹائٹل جیت لیا۔ چمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بلوچستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل درا بلوچ تھے۔ جن کا پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تعارف کروایا۔ فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ گزشتہ روز ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں مردوں کے کھیلے گئے فائنل میں بلوچستان نے سندھ کو 1-2 سے ہرا کر چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ۔ سندھ نے پہلے سیٹ میں 19-25 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے سیٹ میں بلوچستان نے 16-25 سے فتح حاصل کر کے مقابلہ برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں بلوچستان نے 19-25 کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 1-2 سے جیت لیا۔ اسی طرح خواتین کے فائنل میں سندھ نے پنجاب کو 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ چمپیئن شپ میں چھ ٹیمیں حصہ لیا جن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختو نخوا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شامل تھیں۔ اس موقع پاکستان تھروبال فیڈریشن کے نائب صدر جعفر علی شاہ، سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں، بلوچستان تھروبال ایسوسی ایشن کی صدر میڈم اختر خان، پنجاب تھروبال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رانا سجاد اکبر، خیبرپختو نخوا ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ارشد حسین، گلگت بلتستان ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ظہیر عباس، اسلام آباد ایسوسی ایشن کے سیکرٹری معین الدین اور بلوچستان ایسوسی ایشن کے سیکرٹری منظور احمد سرپرہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
