English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آسٹریلیا 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، شیڈول جاری

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے 24 سال بعد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا ہے، دورے کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آسٹریلین ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ شامل ہے۔

پاک آسٹریلیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور تیسرا 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔

خیال رہے کہ 1998 کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آسٹریلیا ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں، 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، ہمارا آئندہ سال دورہ پاکستان وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گا۔

نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہم پی سی بی اور دیگر ایجنسیز کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ دورے کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے