English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی کے7 اضلاع اور 247 یونین کمیٹیاں ریجنل افسران کیلئے لوٹ مار کا مرکز بن گئیں

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) کراچی کے7 اضلاع اور 247 یونین کمیٹیاں ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ افسران کیلئے لوٹ مار کا مرکز بن گئیں،ماہانہ لاکھوں روپے کی کھلم کھلا بھتہ وصولی کا انکشاف،یوسی سیکریٹریز کی واٹس اپ چیٹ منظر عام پر آگئیں،ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ذاکر حسین رادھان کے نام پر یوسی سیکریٹریز سے ماہانہ بھتہ وصولی میں مبینہ اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے آفس میں تعینات بدنام زما نہ کمپیوٹر آپریٹر ندیم اجن یوسیز اور ڈی ایم سیز افسران سے معاملات طے کرنے اورمبینہ ریکوری میں مصروف،قومی احتساب بیورو نیب سمیت لوکل گورنمنٹ ودیگر تحقیقاتی اداروں میں ندیم اجن کیخلاف لاتعداد کرپشن کی شکایات اور تحقیقات کے باوجود مذکورہ کمپیوٹر آپریٹر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔

ندیم اجن ریجنل ڈائریکٹر کے فرنٹ مین کے طور پر کھلے عام لوٹ مار میں مصروف ہے،شہری حلقوں اور سینئر افسران نے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میں جاری سنگین کرپشن اور بدعنوانیوں پر سخت کارروائی اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے عہدے پر ذاکر حسین رادھان کی تعیناتی کے بعد کراچی کے 7 اضلاع اور 247 یونین کمیٹیوں میں ماہانہ بھتہ وصولی میں اضافے اور انسپکشن کے نام پر بھاری رقوم کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کی تمام یوسیز سے ماہانہ بھتہ وصولی میں اضافہ کردیا گیا ہے جس پر یوسیز سیکریٹریز میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اس سلسلے میں یوسیز سیکریٹریز کی واٹس اپ چیت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ندیم اجن کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ماہانہ بھتہ وصولی میں اضافے کی ہدایت کی گئی ہے اور یوسی سیکریٹریز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر ماہ کی8تاریخ تک بھتہ کی رقم ادا کردیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسی سیکریٹریز کے ساتھ ساتھ کراچی کے7اضلاع میں بھی ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی ٹیم نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے اور انسپکشن کے نام پرمنہ مانگے نذرانے وصول کئے گئے ہیں،کراچی کے بلدیاتی اداروں میں کھلم کھلا جاری کرپشن،بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے باوجود اعلی حکام کی پراسرار خاموشی معنی خیز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر آفس میں تعینات کمپیوٹر آپریٹر ندیم اجن کیخلاف لاتعداد کرپشن اور لوٹ مار کی شکایات پر قومی احتساب بیورو نیب کی جانب سے بھی لوکل گورنمنٹ کو لیٹر لکھا جاچکا ہے جبکہ محکمہ بلدیات سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں کی تحقیقات کی زد میں آنے کے باوجود ندیم اجن تاحال نہ صرف عہدے پر تعینات ہے بلکہ پورا سسٹم چلارہا ہے۔

موجودہ صورتحال میں کراچی کے سینئر بلدیاتی افسران کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے محکموں می کرپٹ افسران کی تعیناتی کرکے محکمہ بلدیات کی کارکردگی کو صفر کردیا ہے، افسران نے اعلی تحقیقاتی اداروں سمیت وزیر اعلی سندھ وزیر بلدیات سمیت دیگر حکام سے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے افسران کی لوٹ مار کا فوری نوٹس اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلے میں ندیم اجن سے ان کا موقف جاننے کیلئے ان کے نمبر پر رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے