کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ناظم جوکھیو قتل کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی، مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ ناظم جوکھیو قتل کیس کے مدعی وکیل نے کہا ہے کہ مجھے بااثر شخصیات کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں،ادھر ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ،پولیس نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں شکار کھیلنے والے 2غیر ملکیوں کو ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا، مقدمے میں 2نامعلوم غیر ملکیوں کو
مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ایم پی اے جام اویس سمیت گرفتار 3 ملزمان کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے، تاہم وڈیو میں نظر آنے والی گاڑی کا ریکارڈ ایکسائز کے پاس سے نہیں ملا ہے، کسٹم حکام سے گاڑی کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈیجیٹل ریکارڈ کیس کا حصہ بنالیا، گواہوں کے بیانات بھی لیے گئے،جام کریم کے سیکرٹری نیاز سالار کا ناظم جوکھیو کے بھائی افضل کو کیے فون کا ریکارڈ بھی مل گیا۔نیاز سالار کے فون کے بعد ناظم جوکھیو کی لوکیشن قتل کی جگہ پر آئی،ناظم جوکھیو اپنے بھائی افضل کے ہمراہ تقریباً رات 12 بجے جام ہاؤس پہنچا، اسے مبینہ طور پر جام کریم نے تھپڑ مارے، گن مینوں نے بھی معمولی تشدد کیا، مبینہ طور پر جام کریم نے کہا کہ ناظم جوکھیو کو قید کرلیا جائے، صبح فیصلہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رات 3 بجے ناظم جوکھیو کے بھائی افضل کو گھر روانہ کر دیا گیا،افضل کو روانہ کیے جانے کے بعد مبینہ طور پر جام کریم سونے چلے گئے، رات تقریباً 3 بجے جام اویس جاگے تو انہیں ناظم جوکھیو کے قید ہونے کا پتا چلا۔جام اویس کے اٹھنے کے بعد ناظم جوکھیو پر بدترین تشدد کیا گیا، پوسٹ مارٹم میں ناظم جوکھیو کے قتل کا وقت بھی صبح 5 بجے کا ہے، تشدد میں جام اویس خود ملوث تھے یا ان کے کہنے پر کیا گیا اس کی تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے بیانات لے لیے گئے ہیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مقتول کے بھائی اور مدعی مقدمہ افضل جوکھیو نے بتایا کہ وہ پولیس کی جانب سے ابھی تک ہونے والی تفتیش سے مطمئن نہیں ہیں۔ افضل جوکھیو نے کہاکہ جے آئی ٹی بنے گی امید ہے کہ شفاف تحقیقات ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ وکلا ہمارے ساتھ ہیں ڈٹ کر کھڑے ہیں جبکہ مدعی کے وکیل نے بتایا کہ مجھے بااثر شخصیات کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں فی الحال دھمکیاں دینے والوں کے نام نہیں بتاؤں گا۔علاوہ ازیں پولیس نے شکار کھیلنے والے 2غیر ملکیوں کو ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔مقدمے میں 2نامعلوم غیر ملکیوں کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے ، مقدمے میں جام عبدالکریم اور جام اویس سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں جبکہ 2 غیر ملکیوں سمیت 5 افراد نامعلوم ملزمان میں شامل ہیں۔