پنجاب حکومت نے کھادوں کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں منعقد ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری کا کہنا ہے کہ کھادوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع کمانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، کھادوں کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد پوری قوم کے مجرم، کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو کسانوں کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت کسانوں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔ اجلاس میں کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ کریک ڈان چینی کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف انتظامی اقدامات کی طرز پر شروع کیا جائے۔ کامران علی افضل نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور محکمہ زراعت کی ٹیمیں کھادوں کے گوداموں کی چیکنگ کریں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت دی ہے کہ ڈیلرز سے روزانہ کی بنیاد پر اسٹاک کی پوزیشن حاصل کی جائے اور ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمد شدہ اسٹاک کو مارکیٹ میں مقررہ قیمت پر فروخت کیا جائے۔

