پیرس میں اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو(تنظیم برائے تعلیم وسائنس و ثقافت)کے صدر دفتر میں تنظیم کی 41 ویں جنرل کانفرنس میں سعودی عرب کے وفد نے بھی شرکت کی ہے ۔ سعودی سرکاری وفد کی صدارت وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کی۔ وفد میں سعودی وزارت ثقافت اور وزارت تعلیم کے علاوہ دیگر کئی تنظیموں اور اتھارٹیز کے عہدے داران بھی شامل تھے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کہا کہ یونیسکو تنظیم کے ساتھ شراکت سعودی عرب کے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے 75 سال سے زیادہ عرصے میں تعلیم ، سائنس اور ثقافت کے شعبوں میں تنطیم کی ہمہ جہت کامیابیوں پر مبارک باد پیش کی۔شہزادہ بدر کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یونیسکو اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون پر کاربند رہا جائے گا۔ انہوں نے باور کرایا کہ سعودی عرب 2022 سے 2029 تک یونیسکو کی درماینی مدت کی حکمت عملی کی حمایت کرتا ہے۔

